منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن چرمہائے قربانی مہم میں دو (2) لاکھ کھالیں اکٹھی کرے گی : ڈاکٹر شاہد محمود

کھالوں سے اکٹھی ہونے والی رقم فاؤنڈیشن کے جاری فلاحی منصوبے آغوش پر خرچ کی جائے گی
ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود کی انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ناظم ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا ہے کہ اس سال تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’چرمہائے قربانی مہم‘‘ میں دو لاکھ (2,00,000) کھالیں اکٹھی کی جائیں گی۔ قربانی کا ہزاروں من گوشت غرباء، مساکین، ہسپتالوں، جیلوں اور کارکنوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ مہم کو کامیاب بنانے اور ٹارگٹ کے حصول کے لیے مرکزی کمیٹی کے علاوہ درجنوں ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام اجتماعی قربانی اور کھالوں کو اکٹھا کرنے کی مہم سے متعلقہ کمیٹیوں کے ممبران اہم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلاامتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب اور شب و روز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ اس سال کھالوں سے اکٹھی ہونے والی رقم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے جاری فلاحی منصوبے آغوش پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے معاشرے کے بے سہارا، یتیم اور نادار بچوں کے لیے ادارہ ’’آغوش‘‘ قائم کیا ہے، جو پانچ سو (500) یتیم، لاوارث اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت کا ادارہ ہے، جہاں پر ان کی مکمل کفالت کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی قربانی ٹاؤن شپ میں ہوگی جس میں سینکڑوں گائے، ہزاروں بکرے اور چھترے قربان کئے جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top